562

ناممکنات کا خدا

خدا بیشک ایسے ایسے کام کرتا ہے جو انسان کی سوچ اور عقل سے بالکل بالاتر ہیں۔ایسے حالات میں بھی جب انسان کا زور اور طاقت ختم ہو جاتی ہے، خدا ناممکنات کو ممکن کرتا ہے۔
بائبل مقدس میں ایسےکئی واقعات ملتے ہیں جہان پر انسان بے بس ہو گئے اور خدا نے ایسے حالات میں بھی ان کو کامیابی اورسرفرازی عطا کی۔

بحرقلزم میں خدا کاجلال
خروج 14واں باب: جب خدا نے اسرائیلیوں کو ملک مصر کی غلامی اور قید سے چھڑایا تو انھوں نے بحرقلزم کے ساتھ ہی اپنے ڈیرے لگا لیے۔ جب فرعون کو معلوم ہوا کہ اسرائیلیوں نے کہاں ڈیرے لگائے تو اپنے چھ سو چنے ہوئے رتھ لئے ان کا پیچھا کیا۔اور جب اسرائیلی اور مصری آمنے سامنے تھے تو اسرائیلی نہایت خوف زدہ ہو گئے اور مقدس موسیٰ پر بڑبڑانے لگے۔کیونکہ پیچھے فرعون کی فوج تھی اور آگے سمندر تھا۔
خدا کی بے پناہ قدرت کا اظہار دیکھیں
خروج19:14 اور خدا کا فرشتہ جو اسرائیلی لشکر کے آگے آگے چلا سامنے سے ہٹ کر ان کے پیچھے جا  ٹھہرا۔اور اس طرح خدا کا فرشتہ مصری لشکر اور اسرائیلی لشکر کے درمیان رہا۔ پس وہ رات بھر ایک دوسرے کے پاس نہیں آئے۔21- 22آیت۔ پھر موسیٰ نے اپنا ہاتھ سمندر کے اوپر بڑھایا اور خداوند نے رات بھر تند پوربی آندھی چلا کر اور سمندر کو پیچھے ہٹا کر اسے خشک زمین بنا دیا اور پانی دو حصے ہوگیا۔اور بنی اسرائیل سمندر کے بیچ میں سے خشک زمین پر چل کر نکل گئے اور ان کے دہنے اور بائیں ہاتھ پانی دیوار کی طرح تھا۔
ہالیلویاہ، کونسا معبود اس کی مانند ہے جو ایسی لازوال قدرت رکھتا ہو۔

یریحوشہرمیں خدا کا زور
یریحو نام ایک شہرتھا جس کی دیواریں بہت ہی زیادہ بلند، مضبوط اور چوڑی تھیں۔اتنی چوڑی کہ ملکہ نے دیوار کے اوپر اپنا گھر بنوایا تھا اور اس دیوار پر رتھ دوڑتے تھے۔لیکن خدا نے اپنے لوگوں کو حکم دیا کہ شہر کے گرد چھ دن ایک ایک چکر اور ساتویں دن سات چکر لگائیں۔ جب انہوں نے خدا کے کہے کے مطابق عمل کیا۔مضبوط اور چوڑی دیواریں گر پڑی۔ نا کسی نے دیوار کو ہاتھ لگایا ناکوئی تلوار نہ بھالا استعمال کیا پھر بھی دیواریں گر گئی، کیسے؟
خدا کے کلام میں لکھا ہے کہ یہ نہ زور سے نہ طاقت سے بلکہ میرے روح سے ہو جائے گا۔
عزیز قارئین، خدا نا ممکنات کا خداہے۔ جو انسان سے نہیں ہوسکتا وہ خدا سے ہوسکتا ہے۔

اور۔۔۔
جدعون اور اس کے ساتھ صرف تین سو اشخاص نے خدا کی قدرت سے مدیانیوں کے بڑے لشکر کو شکست دی ۔قضاة 7باب
داؤد نے اپنے دور کمسنی میں فلستی سورما کو ایک پتھر سے مار گرایا۔ 1 سموئیل41:17
خشک سالی میں خدا کے حکم سے کوے ایلیاہ کی خدمت کرتے رہے۔ 1 سلاطین 17باب
خدا نے سدرک ، میسک اور عبدنجو کو چلتی آگ کی بھٹی میں سے زندہ باہر نکالا۔آگ نے انکے بدنوں پر کچھ تاثیر نہ کی۔ اور ان کے سر کا ایک بال بھی نہ جلااور انکی پوشاک میں مطلق فرق نہ آیا۔ اور یہاں تک کے ان سے آگ سے جلنے کی بو بھی نہ آتی تھی۔
خدا نے دانی ایل نبی کیلئے بھوکے شیروں کے منہ بند کر دیے۔
اسی طرح بائبل مقدس ایسے واقعات سے بھرپور ہے جس سے ہمارا ایمان ترقی پاتا ہے اور ہم سیکھتے ہیں کہ خدا کس طرح ناممکنات کو ممکن کرتا ہے ان کے لئے جو اس سے محبت رکھتے ہیں اور ایمان سےاس کے حضور درخواست کرتے ہیں۔ یادرکھیں، ہمارا خدا مہیا کرنے والا ہے۔ آمین۔

پادری کرامت مسیح
بہاول پور۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں