435

تو خون نہ کرنا – پادری کرامت مسیح

مضمون: تو خون نہ کرنا
حوالہ: خروج 13:20 توخون نہ کرنا۔
بائبل مقدس واضح طور پر یہ تعلیم دیتی ہے کہ خون کرنا بہت ہی بڑا جرم ہے۔ یہ خدا کو ناپسند ہے اور خدا اس سے سخت ناراض ہوتا ہے۔
خداوند خدا نے مقدس موسیٰ کو کوہِ سینا پر پتھر کی لوحوں پر اپنے دس احکام لکھ کر دیے جن میں سے یہ چھٹا حکم ہے کہ تو خون نہ کرنا۔ پر اس سے پہلے کہ اسرئیلیوں کو تحریری شریعت دی جاتی خدا کی شریعت یعنی خدا کے قوانین بنایِ عالم سے پیشتر بھی موجود تھے۔
جب آدم اور حوا کے بیٹے قائن نے اپنے بھائی ہابل کا قتل یعنی اسکا خون کیا تو خدانے اپنے قانون کے مطابق سزا سنائی اور اُسے زمین پر خانہ خراب کر دیا۔
بائبل مقدس کے پرانے عہد نامہ میں خونی/خون کرنے والے کے حوالے سے چند باتیں؛
١۔ وہ زمین کی طرف سے لعنتی ہوتا ہے۔ پیدایش 11:4
٢۔ شریرخون کی تاک میں رہتا ہے۔ امثال 6:12
٣۔ جو خون کرے گا وہ گڑھے کی طرف بھاگتا ہے۔ امثال 17:28

اور اسی طرح ہم یسوع مسیح کی تعلیم پر بھی غور کریں۔
متی 5 باب 21-22
یسوع مسیح نے کہا کہ تم سن چکے ہو کہ اگلوں سے کہا گیا تھا کہ خون نہ کرنا اور جو کوئی خون کرےگا وہ عدالت کی سزا کے لائق ہوگا۔ لیکن میں تم سے یہ کہتا ہوں کہ جو کوئی اپنے بھائی پر غصّے ہوگا وہ عدالت کی سزا کے لائق ہوگا اور جو کوئی اپنے بھائی کو پاگل کہے گا وہ صدر عدالت کی سزا کے لائق ہوگا اور جواُس کواحمق کہے گا وہ آتش جہنم کا سزاوار ہوگا۔
میرے عزیزو، ہم اکثر ہی اپنے اپنے بھائیوں پر غصہ کر بیٹھتے ہیں پر خدا کی نظر میں یہ بھی خون کرنے کے برابر ہے۔ اور یہ بھی یاد رکھیں کہ اس سےہماری قربانی تک قبول نہیں ہوتی۔

آج ہم موجودہ دور میں دیکھتے ہیں کہ کس طرح انسانیت کا قتلِ عام ہو رہا ہے۔ انسانوں کو انسان ہی قتل کئے جارہے ہیں۔ ہر جگہ دہشت گردوں کی وجہ سے لوگوں کا خون ہورہا ہے۔ تھوڑے سے پیسوں کیلئے  لوگ دوسرے کا خون کر دیتے ہیں۔ اگر کسی سے حسد ہے تو اسکا خون کر دیا جاتاہے۔
حتیٰ کہ وہ مائیں بھی خون کا ارتکاب کرتی ہیں جو اپنے پیٹ میں ہی بچے کا خون کروا دیتی ہیں۔ اگر کسی عورت کے 5یا6 بچے ہوں تو شوہر ہی کہہ دیتا ہے کے اس بچے کو ختم کروا دو۔ میں کہاں سے اتنے بچوں کو کھلاؤں گا۔ تو وہ عورت بھی ایسا کرنے کیلئے مان جاتی ہے۔ اور اگر شوہر نہ بھی کہے تو ڈاکٹر ہی مشورہ دےدیتی ہیں ایسا کرنے کیلئے۔
میں اُن سب سے کہوں گا کہ خدا کا خوف کریں آپ ایک زندگی کو قتل کر رہی ہیں۔ اور تمام اُن لیڈی ڈاکٹرز اور دائیوں سے کہوں گا کہ خدا کے لیے، محض چند پیسوں کے لئے کسی کی زندگی کو قتل نہ کریں کیونکہ یہ بھی خون کرنا ہی ہے۔
خدا اس سے سخت ناراض ہوتاہے۔ خدا کا حکم ہے کہ تو خون نہ کرنا۔اورایسا نہ ہو کہ آپ چند پیسوں کیلئے خدا کی بادشاہی سے محروم ہوجائیں۔
مکاشفہ 15:22 میں لکھا ہے کہ خونی خدا کی بادشاہی میں داخل نہیں ہوسکتے۔
آئیں، اگر آپ نے ان کاموں میں سے کوئی کام بھی کیا ہے تو خداوند خدا کے پاس آئیں اور اپنے اس گناہ کی اور خدا کے اس حکم کو توڑنے کی سچے دل سے معافی مانگیں تو خدا آپ کو ضرور معاف کرے گا۔ آمین

پادری کرامت مسیح
ستلج ریفارمڈ چرچ آف پاکستان
نیو اسلامی کالونی بہاول پور۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں